ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری (پی ایس ای آر) پر رجسٹریشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ مختلف اسسٹنٹ کمشنرز یونین کونسلز میں قائم رجسٹریشن سینٹرز کا دورہ کر رہے ہیں اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر عبدالباسط صدیقی نے یو سی 194 لِدھڑ کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ڈاکٹر انعم فاطمہ نے یو سی 126 اور 127 میں پی ایس ای آر کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال خواجہ محمد عمیر محمود کی زیر صدارت پی ایس ای آر میٹنگ میں رجسٹریشن کے عمل میں اضافے کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پٹواری ڈیٹا انٹری میں یو سیز کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے ساتھ پی ایس ای آر رجسٹریشن کا پیغام بھی گھر گھر پہنچایا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی طارق شبیر نے یو سی سیکرٹریز کے ساتھ میٹنگ کی اور اضافی لاگ انز کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ زینب طاہر نے یو سی 272 اور 270 کا معائنہ کیا اور پورٹل اور سرور مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے پی ایس ای آر رجسٹریشن کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ای آر رجسٹریشن، نگہبان رمضان پیکیج کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 فروری 2025 تک رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی لاہور نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں رمضان میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔






