بلدیاتی انتخابات پر کام ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن کی تجاویز غور کے بعد پنجاب اسمبلی کے ایوان کے سامنے رکھیں گے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کے بل پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیڈ بیک پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ نے صوبائی وزیر کو نئی حلقہ بندیوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی سفارشات مزید غور کیلئے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز پنجاب میں ایک موثر اور دیرپا بلدیاتی نظام کا قیام چاہتی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکومتی سطح پر کام ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی تجاویز غور کے بعد پنجاب اسمبلی کے ایوان کے سامنے رکھیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نچلی سطح تک موثر گورننس مقامی حکومتوں کے بغیر ممکن نہیں۔ ایسا بلدیاتی نظام ہونا چاہیئے جو عوام کی امنگوں پر پورا اترسکے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں عوامی بہتری کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے ترمیم کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button