چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی. ملاقات میں اسلام آباد میں ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس کے موقع پر فول پروف سیکورٹی،ٹریفک اور پارکنگ انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا.آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ یورو ویلج 2025 اور چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر شہر میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور غیر ملکی وفود اور مہمانوں کی آمد و رفت کے دوران فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا. انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی سہولیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کے مؤثر انتظامات کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کررہی ہے. آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بہترین ٹریفک پلان مرتب کیا جائے گا.

واضح رہے اسلام آباد میں چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کی جانب سے یورو ویلیج 2025 کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے.چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کے دوران شہریوں کیلئے پارکنگ کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس ملکر بین الاقوامی ایونٹس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز چیمپئینز ٹرافی کے مختلف امور کی نگرانی کریں گے.






