ستھرا پنجاب: سی ای اوز اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ شروع،وزیر بلدیات کی زیرصدارت راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کا اجلاس

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ‘ستھرا پنجاب’ میں پیشرفت کا جائزہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز اور کنٹریکٹرز کو طلب کر کے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تینوں ڈویژنز کی ہر تحصیل میں ہیومن ریسورسز، مشینری کی دستیابی اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ‘ستھرا پنجاب’ مریم نواز حکومت کا اہم عوام دوست منصوبہ ہے۔ انشااللہ ستھرا پنجاب کو پورے ملک بلکہ خطے کا منفرد پروگرام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت پہلی بار دیہات اور شہروں میں صفائی کی معیاری خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے بعض تحصیلوں میں صفائی آپریشنز کا ڈیٹا اپ لوڈ نہ کئے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے خبردار کیا کہ تفصیلات بروقت مہیا نہ کرنے پر ایکشن لیا جائے گا۔ یونین کونسل سطح تک مانیٹرنگ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔ چیلنجز سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے، تمام کنٹریکٹرز اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ سی ای اوز اور ضلعی افسران باقاعدگی کے ساتھ فیلڈ میں جائیں۔ پورے علاقے کی صفائی کے بعد اگر ایک پلاٹ میں کوڑا نظر آئے تو اس سے ساری محنت پر پانی پھر سکتا ہے۔ انہوں نے سی ای اوز کو یہ ہدایت بھی کی کہ دیہات میں ویسٹ انکلوژر لازمی بنائے جائیں۔ کسی جگہ کوڑا جمع نہ ہو اور شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے۔ سڑکوں اور گرین بیلٹس کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ مرحلہ وار تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تمام درکار وسائل مہیا کر دیے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button