ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت اجلاس، قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے دو بین الاقوامی میچز کے انتظامات کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی سمیت پی سی بی، پولیس، بلدیہ عظمیٰ، لیسکو، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے دو بین الاقوامی میچز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن نے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے مطابق تمام محکموں کو فول پروف اقدامات یقینی بنانے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار میچز کے دوران ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے فیلڈ اسپتال قائم کیا جائے گا۔ لی پارک پارکنگ کمپنی ایریاز کا انتظام سنبھالے گی اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کو شائقین کی آمد و رفت کے لیے جامع ٹریفک پلان بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کو اسٹیڈیم اور اطراف میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پارکنگ ایریاز کی سیکیورٹی کلیئرنس جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ شائقین کرکٹ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور تمام ادارے بہترین کوآرڈینیشن سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سیریز کا انعقاد دنیا میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرے گا اور ضلعی انتظامیہ اس کامیاب انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ لاہور ایک بار پھر عالمی کرکٹرز کو خوش آمدید کہتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button