*پنجاب کے 16 اضلاع وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نمائندگی سے محروم،13 اضلاع میں ایم پی ایز کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی نہ مل سکی*

لاہور(مقصود اعوان سے)پنجاب سے وفاقی اور صوبائی کابینہ میں 60 سے زائد وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے باوجود صوبہ کے 16 اضلاع وفاقی اور صوبائی کابینہ میں دونوں میں نمائندگی سے محروم ہیں۔ محروم اضلاع میں سے کوئی بھی رکن اسمبلی وفاقی اور صوبائی کابینہ میں جگہ نہیں بناسکا جبکہ سرگودھا، گجرات اور بہاولپور 3 اضلاع میں اعوان، چوہدری اور پیرزادہ ایک ہی سیاسی خاندان کے دو دو افراد کو وفاقی اور صوبائی وزیر بنایا گیا ہے۔ وفاقی اور پنجاب کابینہ میں نمائندگی کے لحاظ سے لاہور سرفہرست ہے یہاں سے وزیر اعظم ، نائب وزیراعظم سپیکر قومی اسمبلی سمیت 10 اراکین پارلیمنٹ وفاقی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت 8 ارکان اسمبلی صوبائی کابینہ کا حصہ ہیں ۔ ان کے علاوہ 13 اضلاع میں قومی اسمبلی کے اراکین ہی وفاقی کابینہ میں اپنے ضلع کی نمائندگی کررہے ہیں لیکن ان میں کوئی صوبائی کابینہ میں نمائندگی نہیں کرتا۔ان میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے چوہدری اورنگزیب اور چوہدری جنید انوار، شیخوپورہ سے رانا تنویر حسین جہلم سے اظہر کیانی، حافظ آباد سے اعظم نذیر تارڑ فیصل آباد سے طلال چوہدری، چنیوٹ سے قیصر احمد شیخ, ڈیرہ غازی خان سے سردار اویس خان لغاری ، لودھراں سے عبدالحمان کانجو، وہاڑی سے اورنگزیب خان کچھی، خانیوال سے رضا حیات ہراج ، ساہیوال سے سید عمران شاہ وفاقی کابینہ میں اپنے ضلع کی نمائندہ ہیں اسی طرح لاہور سمیت 9 اضلاع میں سے سرگودھا سے ملک مختار احمد بھرتھ اور ان بھائی ملک صہیب احمد بھرتھ، گجرات سے چوہدری سالک حسین اور ان کے بھائی چوہدری شافع حسین اور بہائولپور ریاض حسین پیرزادہ اور کاظم حسین پیرزادہ دونوں کو وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی گئی ہے، قصور سے ملک محمد احمد سپیکر پنجاب اسمبلی ان کے ماموں ملک رشید احمد وفاقی وزیر اور رانا سکندر حیات صوبائی وزیر ہیں اوکاڑہ سے میاں معین احمد وٹو وفاقی اور سید عاشق حسین کرمانی صوبائی کابینہ کا حصہ ہیں، راولپنڈی سے حنیف عباسی اور بیرسٹر عقیل ملک وفاقی وزیر اور مریم اورنگزیب سینئر صوبائی وزیر ہیں، نارووال سے وجیہہ قمر اور چودھری احسن اقبال وفاقی اور بلال اکبر صوبائی کابینہ کا حصہ ہیں، اور سیالکوٹ سے شنزہ فاطمہ اوران کے ماموں خواجہ محمد آصف کے علاوہ چوہدری ارمغان سبحانی کی وفاقی اور ذیشان رفیق صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی گئی ہے، ۔ پنجاب میں جن16 اضلاع کو وفاقی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی نہیں دی گئی ان میں گوجرانوالہ، ملتان، منڈی بہائوالدین، جھنگ، اٹک، پاکپتن، تلہ گنگ، مری، رحیم یار خان، میانوالی، خوشاب،بھکر، تونسہ، لیہ اور مظفر گڑھ شامل ہیں، تاہم راجن پور ضلع سے صرف ایک رکن صوبائی اسمبلی کو پنجاب کابینہ میں نمائندگی دی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button