مریم نواز شریف کی ہدایات پر لاہور کے تاریخی ورثہ کی بحالی کے لئے 12اہم منصوبوں کو ختمی شکل دے دی گئی،سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر قدیم لاہور کی بحالی کے لیے 12 پراجیکٹس کے پی سی ونز تیار کرلیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد لاہور کے تاریخی ورثے کی حفاظت اور شہر میں سیاحت کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر سہیل کیفی، ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ امجد علی اور والڈ سٹی کے نمائندگان نے شرکت کی ڈائریکٹر کنزرویشن والڈ سٹی نجم ثاقب نے بریفنگ دی اور منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ لاہور کے ہیریٹیج ایریاز کی بحالی کے لیے شہر کو چھ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس سے ان علاقوں کی حفاظت اور تزئین و آرائش میں مدد ملے گی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ ان منصوبوں کے تحت لاہور کے اندرون شہر اور ملحقہ علاقوں میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ بھاٹی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، موچی گیٹ، دہلی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب نئی پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ لاہور کے تاریخی دروازوں بشمول شاہ عالمی گیٹ، یکی گیٹ، موچی گیٹ اور اکبری گیٹ کی دوبارہ تعمیر کی جائے گی تاکہ شہر کی تاریخ کو مزید محفوظ کیا جا سکے۔ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی چوک تک پیدل گزرگاہ بنانے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ تاریخی بازاروں میں آنے والے شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ یہ منصوبے لاہور کے ورثے کی حفاظت اور سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ان منصوبوں کے پی سی ونز کو حتمی شکل دی گئی ہے اور ان کی منظوری کے لیے پی ڈی ڈبلیو پی میں پیش کیا جائے گا۔ ان تمام منصوبوں کی تکمیل کے بعد اندرون لاہور کی تاریخی بازاروں اور دیگر اہم مقامات کی حالت میں نمایاں بہتری آئے گی اور لاہور کا ورثہ مزید محفوظ ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button