میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا پی ایف یو جے کی پلاٹینیئم جوبلی تقریب سے خطاب، صحافی برادری کو خراجِ تحسین

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی میں صحافیوں اور ان کی تنظیموں کا اہم کردار رہا ہے،خالق دینا ہال میں پی ایف یو جے کی پلاٹینیئم جوبلی کی یادگار قائم کی جائے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ صحافی برادری کی جمہوریت اورآزادی اظہارکے لئے دی جانے والی قربانیوں اور خدمات سے روشناس کرایا جاسکے، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے پی ایف یو جے کے عہدیداروں اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر طاہر حسن، جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کشمیری، سینئر صحافی حبیب خان غوری، مظہر عباس، ایوب جان سرہندی، امتیاز احمد فاران، نواب قریشی، نعمت اللہ بخاری، نوشابہ صدیقی،فرح اعوان، لیاقت مغل اور ناصر حسین سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے کہا کہ ایک سیاسی کارکن ہوں لیکن صحافتی گھرانے سے تعلق ہونے کی بنیاد پر میرا صحافی برادری سے گہرا رشتہ ہے، اس یادگار کو میں ذاتی اخراجات سے تعمیر کراؤں گا اور اگر اخراجات زیادہ ہوئے تو کے ایم سی کے فنڈز سے تعمیرکریں گے، انہوں نے کہا کہ جمہوریت، اظہار رائے کی آزادی کے لئے صحافیوں کا بڑا کردار ہے،آنے والی نسلوں کے لئے ہمیں ایک بہترین کراچی چھوڑ کر جا نا ہے،صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے،مایوسی اور ناامیدی چھوڑ کر قلم کے ذریعے جدوجہد جاری رکھنی ہے،صحافی برادری کا معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ہے،پی ایف یو جے کی پلاٹینیئم جوبلی کے مونومنٹ کو شاندار طریقے سے تعمیر کروائیں گے،اخبارات، چینلز اور سوشل میڈیا ابلاغ عامہ کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ صحافی برادری کو جو مسائل درپیش ہیں کے ایم سی ترجیحی بنیادوں پر انھیں حل کرے گی، انہوں نے کہاکہ صحافیوں اور بلدیاتی قیادت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اخبارات اور چینلز کے ذریعے شہر کے مسائل ہم تک پہنچتے ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان ہو یا تعمیر پاکستان صحافی برادری نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ میرا تعلق صحافی گھرانے سے ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ صحافی برداری سے اپنا یہ تعلق برقرار رکھوں، انہوں نے کہا کہ میرے والدوہاب صدیقی پوری زندگی صحافت کرتے رہے اور میری والدہ جب کے ایم سی کی کونسل کی ممبر بنی تو انہوں نے بھی میڈیا کمیٹی کا ہی انتخاب کیا اور خدمات انجام دیں، پی ایف یو جے کے صدر طاہر حسن نے میئر کراچی کو تقریب میں خوش آمدید کہا اور پلاٹینم جوبلی کی تقریب میں بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو پی ایف یو جے کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button