عید الفطرپر خصوصی صفائی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کی زیر صدارت ہیڈ آفس شاہین کمپلیکس میں آپریشن ٹیموں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایل ڈبلیو ایم سی نے عید الفطر 2025کا صفائی پلان مرتب کر کے جاری کر دیا ہے۔اہم اجلاس میں اتوار سے شروع ہو کر عید کے دوسرے روز تک جاری رہنے والے خصوصی صفائی آپریشن کے بارے میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کو مکمل بریفنگ میں بتایا گیا کہ31مارچ سے 2 اپریل تک خصوصی صفائی آپریشن دن اور رات کی شفٹوں میں جاری رہے گا۔ 15 ہزار سے زائد ورکرز، 1400 سے زائد آپریشنل گاڑیاں عید ایام میں صفائی آپریشن میں حصہ لیں گی۔

شہر کی1459 جامع مساجد اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی دھلائی یقینی بنائی جائے گی۔ شہر میں موجود 268 چھوٹے بڑے قبرستانوں کی صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ چاند رات پرخصوصی صفائی آپریشن کے تحت 197 بڑی کمرشل مارکیٹس کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا اورلاہور کی930 کلو میٹر لمبی شاہراہوں پر مکینیکل سویپنگ یقینی بنائی جائے گی۔جامع مساجد، عید گاہوں اور قبرستان جانے والے راستوں کے گرد پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔ مزید برآں رمضان المبارک میں سجنے والے 45 سے زائد بڑے افطار دستر خوانوں کی صفائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔سی ای اوبابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر سالڈ ویسٹ سے متعلق شکایات کو ہر 30 منٹ کے بعد چیک کرنے اور کمرشل مارکیٹس سے موصول ہونے والی شکایات کو 10 منٹ میں حل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر کے اپنی شکایات کا ازالہ کروا سکتے ہیں۔





