وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نےآئی جی جیل خانہ جات کے دفتر کا دورہ کیا ۔ جیلوں میں اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے صوبائی حکومت کا انقلابی اقدام ہے،وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے ”پریزن منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (PMIS) اور ای۔وزٹ“ ایپ کا باضابطہ اجراء کر دیا۔ پرزن منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے جیلوں کے جملہ امور کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے صوبے کی تمام 39 جیلوں کے امور کو نہ صرف ایک دوسرے بلکہ عدالتی نظام سے بھی منسلک کردیا گیا ہے، قیدیوں کی عدالت پیشی کے عمل کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے، اب ویڈیو لنک پر عدالت میں پیشی ممکن ہو چکی ہے۔ ای وزٹ ایپ کے ذریعے قیدیوں کے اہل خانہ کی آن لائن ملاقاتوں کا انتظام کیا گیا ہے، اب قیدیوں کے اہل خانہ کو ملاقات کے لئے جیل جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اب اہل خانہ گھر بیٹھے ہی جیلوں میں قید اپنے پیاروں سے ملاقاتیں کر سکیں گے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جیلوں میں قیدیوں کی خوراک پر سالانہ 1.2 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں، 7 سال بعد قیدیوں کی خوراک کے مینو میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ متوازن غذا فراہم کی جاسکے۔ موسم کی شدت سے تحفظ کےلئے جیلوں میں گیزرز اور ائیر کولرز فراہم کئے گئے ہیں۔ جیلوں کے قواعد و ضوابط کو بین الاقوامی معیار یعنی منڈیلا اور بینکاک رولز کے مطابق ڈھالا جارہا ہے، قیدیوں کے علاج معالجے کےلئے جدید طبی آلات اور بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔ قیدیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کےلئے جیلوں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ قیدیوں کو مختلف ہنرسکھانے کے پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ جیل انڈسٹری کو دوبارہ فعال بناکر مارکیٹ سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ یہ قیدیوں کیلئے نفع بخش ثابت ہو۔ پنجاب کی جیلوں میں قید خیبر پختونخوا کے 317 قیدیوں کو صوبے میں منتقل کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل صوابی اور سنٹرل جیل ڈی آئی خان کی تعمیر سے قیدیوں کی گنجائش کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ضلع ٹانک میں بھی جیل کی تعمیر کےلئے فنڈز کی منظور ی دی جا چکی ہے۔ پانچ علاقائی جیل دفاتر کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ جیلوں میں نظم و نسق کو بہتر بنایا جا سکے۔ جیلوں کو جدید سیکیورٹی آلات کی فراہمی کےلئے 1.39 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ قیدیوں اور ان کے اہلخانہ کےلئے جدید انٹرویو رومز بنائے گئے ہیں تاکہ ملاقات کا عمل آسان اور محفوظ ہو سکے۔ جیل عملے کی پیشہ ورانہ قابلیت کو بڑھانے کےلئے ٹریننگ اکیڈمی ہری پور کو جدید خطوط پر آراستہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ جیل خانہ جات میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور دیگر اصلاحات پر متعلقہ حکام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب بلا شبہ جیل اصلاحات کے سفر میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ صوبائی حکومت دیگر محکموں کی طرح محکمہ جیل خانہ جات کے نظام کی اصلاح کےلئے بھی کوشاں ہے۔ میں ان اقدامات میں تعاون فراہم کرنے پر "انٹرنیشنل نارکوٹیکس اینڈ لاء انفورسمنٹ” اور "یونائیٹڈ نیشن آفس آن ڈرگ کرائمز” کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ شراکت داری جیل خانہ جات کے نظام کو بہتر بنانے اور قیدیوں کی فلاح کےلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ صوبہ بھر میں قیدیوں کو بہتر ماحول کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہم انصاف، شفافیت اور انسانیت کے اصولوں پر مبنی ایک جدید نظام قائم کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کےلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔






