یہ خوش ذائقہ پھل صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ آڑو میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو اعصاب اور پٹھوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے اسی طرح یہ جسم کے مختلف حصوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔
وزن میں کمی کے لیے بہترین
صبح ناشتے میں آڑو کھانا پیٹ کو دیر تک بھرا رکھتا ہے جبکہ اس پھل میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں۔ آڑو فائبر کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے جو کہ جسمانی وزن میں کمی میں مدد دینے والا جز ہے۔
جلد کے لیے فائدہ مند
آڑو وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جلد کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ پھل جلد کی رنگت کو بھی بہتر بناتا ہے۔اس میں موجود وٹامن سی جھریوں کا امکان کم کرتا ہے.
دل کا دوست
آڑو میں بائیو ایکٹو کمپاﺅنڈ کا منفرد امتزاج ہے جو کہ خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم کرتے ہیں۔ اس میں موجود فائبر اور پوٹاشیم بھی دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں، اس پھل میں موجود اجزا بلڈ پریشر کو مستحکم رکھ کر بھی امراض قلب کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
نظام ہاضمہ بہتر کرے
اس میں موجود فائبر نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، گردوں اور مثانے کی صفائی کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
بینائی کیلئے مفید
اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے لیوٹین وغیرہ آنکھوں کی صحت کے لیے بہترین ہیں۔ عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے آنکھوں کے امراض کا خطرہ بھی کم کرتے ہیں ۔
شوگر کے مریضوں کیلئے بھی مفید
ذیابیطس کے مریضوں کو کاربوہائیڈریٹس کے استعمال سے روکا جاتا ہے، لیکن یہ درست نہیں، بس مقدار کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ ایک آڑو سے جسم کو 15 گرام کاربوہائیڈریٹس حاصل ہوتے ہیں، جبکہ اس میں موجود دیگر اجزا مجموعی صحت کو بہتر رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ذیابیطس کے مریض اس پھل کی کچھ مقدار روز کھا کر اپنی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں۔
ورم کش
آڑو میں موجود وٹامن سی جسمانی ورم پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، یہ خاص طور پر موٹاپے کے شکار افراد یا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن سی دمہ کے شکار افراد کے ورم کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
خون کی کمی دور کرے
عام طور پر جسم میں خون کی کمی کی بڑی وجہ آئرن کی کمی ہوتی ہے، آڑو آئرن کے حصول کے لیے بہترین ذرائع میں سے ایک ہے۔
عمر کے اثرات دور کرے
آڑو کا ایک بڑا فائدہ اس میں موجود فلیونوئڈز میں چھپا ہے جو کہ عمر بڑھنے سے جسم میں آنے والی تبدیلیوں کی رفتار سست کرتے ہیں۔
ذہنی تناﺅ کم کرے
ایک تحقیق کے مطابق آڑو ذہنی تناﺅ میں کمی لانے کے لیے بھی بہترین ہے، یہ ذہنی بے چینی یا تشویش کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ہڈیاں اور دانت مضبوط بنائے
آڑو میں موجود وٹامن سی دیگر فوائد کے ساتھ ساتھ ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے اور ان کی نشوونما بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مضبوط بناتا ہے۔