وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر مغلیہ دور کے شاہکار، کامران کی بارہ دری کی بحالی اور خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بارہ دری کا دورہ کیا جہاں ڈی جی پی ایچ اے لاہور منصور احمد نے بحالی و مرمت بارے تفصیلی پلان پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت کے مطابق بارہ دری کے احاطے میں ریسٹورنٹس، پکنک پوائنٹس اور باغات تعمیر کیے جائیں تاکہ عوام اور سیاحوں کو بہتر سہولت فراہم ہو سکے۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کے مطابق سیاحوں کو بارہ دری تک آسان رسائی کے لیے خصوصی ایکسس روڈ تعمیر کیا جائے گا جبکہ کشتیوں کے ذریعے بارہ دری تک لے جانے کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی۔مغلیہ دور کی ثقافت کے تاریخی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے سائٹ میوزم بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ڈی جی منصور احمد نے کہا کہ سالوں سے بحالی و مرمت کی منتظر تاریخی عمارت کو اس کی اصل شان واپس دلائی جائے گی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت تاریخی سائٹس اور عمارتوں کی بحالی و مرمت کی رفتار کو بڑھایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈی جی پی ایچ اے لاہور منصور احمد کو منصوبے کی فوری تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔






