*میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب جاپان میں بین الاقوامی میئرز فورم میں شرکت کریں گے*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب 2025 کے بین الاقوامی میئرز فورم میں شرکت کے لیے ٹوئیوٹا سٹی، جاپان روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ عالمی سطح کا اہم اجلاس 14 اکتوبر سے 16 اکتوبر 2025ء تک منعقد ہوگا۔یہ بین الاقوامی فورم دنیا بھر کے شہروں کے سربراہان، شہری منصوبہ سازوں اور پالیسی سازوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا، جہاں اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی اور ایس ڈی جیز (SDGs) پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا جائے گا، خاص طور پر شہروں، قصبوں اور نواحی علاقوں میں ترقیاتی حکمتِ عملیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔میئر مرتضیٰ وہاب فورم کے دوران موسمیاتی تغیرات اور شہری لچک (Urban Resilience) کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ کراچی میں جاری ماحولیاتی اقدامات اور پائیدار ترقی کے منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے۔ اس اجلاس میں فلاڈیلفیا کے میئر سمیت دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہوں گے۔میئر کراچی اس موقع پر مختلف بین الاقوامی نمائندوں، سرکاری شخصیات اور میئرز سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ ماحولیاتی تبدیلی، تجارتی تعاون، شہری ترقی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔میئر مرتضیٰ وہاب کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ کراچی عالمی شہری سفارتکاری میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور پائیدار و جامع ترقی کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ بھرپور روابط قائم کر رہا ہے۔ ان کی جاپان میں شرکت نہ صرف کراچی کے وقار میں اضافہ کرے گی بلکہ جدید شہری منصوبہ بندی، موسمیاتی موافقت اور ترقیاتی تعاون کے نئے راستے بھی کھولے گی۔

جواب دیں

Back to top button