وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل یانگ یون دونگ سے ملاقات بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی اور چین کے آئندہ دورے سے قبل باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور چینی ڈپٹی قونصل جنرل ژانگ ہاؤ نے بھی شرکت کی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ستمبر میں چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سندھ حکومت کے مختلف نئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) منصوبے پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) قائم کر رہی ہے، جن میں چینی سرمایہ کاری نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سی پیک منصوبوں اور کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) پر پیش رفت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کے سی آر منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں واٹر ٹریٹمنٹ اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پلانٹس کے منصوبے بھی چین میں پیش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ مزید برآں، سید مراد علی شاہ نے چینی حکومت کو خصوصی افراد کے لیے "انکلیوژ سٹی” قائم کرنے میں تعاون کی دعوت دی، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ماڈل ادارہ ہوگا۔ انہوں نے شنگھائی اور ہوبی حکومتوں کے ساتھ شراکت داری کی تجویز دی تاکہ خصوصی افراد کو معاشرے میں مرکزی حیثیت دی جا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صحت، آبی وسائل، اور زرعی ترقی جیسے شعبوں میں چینی کمپنیوں کے ساتھ پی پی پی موڈ کے تحت منصوبوں پر زور دیا۔ انہوں نے کم پانی سے اگنے والے ہائبرڈ بیجوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ پھلوں و سبزیوں پر چین سے اشتراک کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے محکمہ سرمایہ کاری کو ہدایت کی کہ وہ چین کے دورے سے پہلے تفصیلی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے تیار کرے۔






