انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی چیئرمین محمدناصراقبال خان نے کہا ہے کہ خطرناک حادثات کے سدباب کیلئے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی حدودمیں غازی روڈ سے چونگی امرسدھو تک فیروز پورروڈ سے ملحقہ سروس روڈ کو فوری تعمیرجبکہ واٹر سپلائی لائن کو بھی ہنگامی بنیادوں پر تبدیل کیاجائے۔آبادی کاواحد فلٹریشن پلانٹ بھی چار سال سے بندپڑا ہے،اسے بحال کیاجائے۔ المدینہ سٹریٹ،محمدپورہ اورمست اقبال روڈ کی گلیوں سمیت مقامی آبادیوں کے لوگ گندا پانی پینے پرمجبور اوروہ اس کے استعمال سے بیمار ہورہے ہیں۔پچھلے دنوں زیرزمین پائپ لائن بچھانے کیلئے سروس روڈ کی توڑ پھوڑ کے بعد حالیہ بارشوں نے اسے کھنڈر بنادیاجبکہ اب دور دور تک کنٹریکٹر کاکوئی نام ونشان نہیں۔وہ مقامی شہریوں کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ سروس روڈ پرجابجا بارشوں کاپانی کھڑاہونے سے مقامی شہریوں کوآمدورفت میں شدید دشواری کاسامناکرناپڑ جبکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کاخطرہ بڑھ رہا ہے۔سروس روڈ سے گزرتے وقت شہریوں کیلئے گندے چھینٹوں سے بچاؤ آسان نہیں،سروس روڈ کی توڑ پھوڑکے نتیجہ میں روزانہ کی بنیاد پر حادثات کے نتیجہ میں مقامی لوگ زخمی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ،اسٹیشن کمانڈر لاہور اورچیف ایگزیکٹو آفیسر والٹن کنٹونمنٹ بورڈ فوری مداخلت کریں۔ سروس روڈکھنڈر میں تبدیل ہونے اورجابجا بارشوں کاپانی اکٹھا ہونے سے ایک طرف جہاں تعفن پھیلتا ہے وہاں وبائی امراض بھی پیداہو رہے ہیں۔

والٹن کنٹونمنٹ بورڈ حکام کو بارہا شکایات کی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی حدودمیں غازی روڈ سے چونگی امرسدھو تک سروس روڈ کی تعمیر نو اوربارشوں کے پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ فوری صفائی کے احکامات صادر فرمادیں۔مقامی شہری والٹن کنٹونمنٹ بورڈ لاہورکے تمام یوٹیلیٹی بل اورٹیکس وقت پراداکرتے ہیں لیکن سہولیات اورسروسزکی بروقت فراہمی کے معاملے میں والٹن کنٹونمنٹ بورڈ لاہور کے حکام اوراہلکار وں کارویہ پیشہ ورانہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ لاہور کے حکام اوراہلکار وں کی طرف مزید پس وپیش قابل قبول نہیں،وہ شہریوں کی جائز شکایات دورنہیں کرسکتے تو اپنااپناعہدہ چھوڑ دیں۔






