پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لیے 12 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دے دی ۔
فنڈز کی منظوری صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 13 ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی ۔ اجلاس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب میں گارمنٹس سٹیز کے قیام کے لیے4 ارب 18 کروڑ روپے ، ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے لیے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کے لیے ایک ارب 71 کروڑ روپے ، پاپولیشن ویلفیئر ہاؤس کے قیام کے لیے ایک ارب 38 کروڑ ، ڈی جی خان میں چوکی والا سے اٹامک انرجی پروجیکٹ تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 15 کروڑ اور خوشاب مظفرگڑھ روڈ ضلع جھنگ کی تعمیر و مرمت کے لیے 3 ارب 64 کروڑ روپے کی منظوری شامل ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ مسعود انور،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔






