چیف ایگزیکٹو آفیسرلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابر صاحب دین کی ہدایت پر بارشوں کی پیشگی اطلاع کے پیش نظر شہر بھر میں نکاسی آب کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے بہترین صفائی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی آپریشن ٹیموں کوفیلڈ میں مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہاٹ سپاٹ ایریاز کی کلیئرنس کا عمل بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
تمام کمرشل مارکیٹس اور ویسٹ کنٹینرز کو بارش سے قبل 100 فیصد کلیئر کرنے، سڑکوں کے کنارے جمع شدہ مٹی فوری طور پر ہٹانے اورعارضی کلیکشن پوائنٹس کوروزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کرنے کے احکامات بھی صادر کر دئیے گئے ہیں۔خصوصی صفائی اقدامات کے تحت لکشمی چوک، سرکلر روڈ، ایک موریہ پل، ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈہ پر خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ داتا گنج بخش ٹاؤن، اندرون لاہور، راوی ٹاؤن اورشاہدرہ ٹاؤن میں عملہ مینوئل سویپنگ اور سکریپنگ پر مامور ہے۔ علامہ اقبال ٹاؤن، ٹھوکر، اڈا پلاٹ اور رائیونڈ کی دیہی یونین کونسلز میں بھی صفائی آپریشن جاری ہیں۔مزید برآں تمام ٹاؤن مینجرز کو بھی فیلڈ میں ورکرز کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ لاہوریوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ایل ڈبلیو ایم سی کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ بارشوں کے دوران صفائی عملے سے بھرپور تعاون کریں اور گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور نکاسی آب کے نظام کو برقرار رکھا جا سکے۔صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے اور تجاویز کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیاکا استعمال کریں۔






