وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سانحہ بغدادی لیاری کی متاثرہ عمارت کے متاثرین کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ مکیش کمار چاولہ، رکن سندھ اسمبلی لال۔ چند اکرانی، یوسف بلوچ، کمیشنر کراچی سید حسن نقوی، ڈی جی ایس بی سی اے ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر جاوید ناگوری، کچھی مشہوری میگھوار پنچائیت کے صدر و پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ سندھ کے نائب صدر لکشمن مشہوری، متاثرہ عمارت کے متاثرین و دیگر موجود تھے۔

صوبائی وزراء نے متاثرین سے اس افسوس ناک سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا اور 27 قیمتی جانوں کی اس سانحہ میں جان بحق ہونے پر تعزیت کی۔صوبائی وزراء نے مہشوری جماعت کے صدر اور متاثرین کو اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور یقین دہانی کروائی کہ اس سانحہ کے متاثرین کو حکومت ہر ممکن تعاون اور ان کی رہائش سمیت ان کی بحالی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزراء نے کمیشنر کراچی کو بھی ہدایات دی کہ ان متاثرین کی فوری بحالی کے لئے تمام اقدامات جلد از جلد بروئے کار لائیں جائیں۔






