وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی (پی ایچ اے) قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ قدرتی حسن کو بحال اور سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔

پی ایچ اے کے قیام کی منظوری کے لیے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس اقدام سے مقامی سطح پر گرین ایریاز میں اضافہ، مقامی جنگلات کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات، شہریوں اور سیاحوں کے لیے نمائشوں اور تقریبات کا انعقاد، اور اشتہارات، سائن بورڈز و گرین ایریاز کے ذریعے ریونیو جنریشن ماڈل تشکیل دیا جائے گا۔ مری پی ایچ اے کے لیے افسران اور عملہ کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ منصوبے سے مقامی آبادی اور سیاح یکساں طور پر مستفید ہوں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مری میں سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کو بڑھایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کا جال بہت جلد صوبہ بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔






