یونین کونسلز کو خدمت مراکز میں تبدیل،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور ماڈل ویلیج کا دائرہ کار بتدریج وسیع کیا جائے گا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز بیک وقت شہروں اور دیہات کی ترقی پر فوکس کر رہی ہیں۔ اس تناظر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) اور ماڈل ویلیج کا دائرہ کار بتدریج وسیع کیا جائے گا۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے پی ڈی پی جبکہ پنجاب رورل میونسپل ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای او اسداللہ نے مثالی گاؤں پروگرام پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعلٰی کے مثالی گاؤں پروگرام کو آگے بڑھانے کی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت دونوں منصوبوں کے تحت شہروں اور دیہات میں سینی ٹیشن، ڈرین اور پختہ گلیوں کی سکیمیں مکمل کرے گی۔ ان سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو معیار زندگی بلند ہوگا۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر گاؤں میں صفائی کی سہولت پہلے سے دستیاب ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ یونین کونسلز کا بنیادی شہری خدمات کی فراہمی میں بنیادی کردار ہے۔ پنجاب بھر کی یونین کونسلوں کو خدمت مراکز میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب ضروری خدمات مل سکیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب بھر میں برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی سہولت پہلے سے زیادہ آسانی سے میسر ہے۔ شہری گھر بیٹھے ایپ کے ذریعے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے دونوں منصوبوں کے لئے جامع ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کے ویژن کے مطابق شفافیت اور معیار دونوں کا ہر صورت میں خیال رکھا جائے۔

جواب دیں

Back to top button