ڈی سی سید موسیٰ رضا کا یو سی 232 میں زیر تکمیل اور مکمل شدہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو تیز کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو پائیدار اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا نے تحصیل نشتر کا دورہ کیا اور یو سی 232 میں زیر تکمیل اور مکمل شدہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر نشتر اور دیگر حکام ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر اور نیسپاک حکام نے منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ ڈی سی نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران تمام تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور گلیوں میں نکھار لانے کے لیے تھڑوں اور شیڈز کو مسمار کیا جائے۔ انہوں نے نیسپاک کو تعمیراتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی سی نے زور دیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام منصوبے پائیدار اور مضبوط ہونے چاہئیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جس سے شہر کی خوبصورتی اور سہولیات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button