علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس،سیلابوں سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں کی تازہ صورتحال پر بریفنگ

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں سیلابوں سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے مطابق

اب تک صوبے میں 406 اموات اور 247 زخمیوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ 406 جاں بحق افراد میں سے 332 افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے معاوضوں کی ادائیگی ہوگئی ہے، اسی طرح زخمیوں کو بھی 5 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے معاوضوں کی ادائیگی شروع ہوگئی ہے، اب تک 35 زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔اب تک 28 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے، اب تک 5720 متاثرہ خاندانوں میں سے 4398 خاندانوں کو فوڈ پیکج کی رقوم کی ادائیگی ہوگئی ہے، باجوڑ کے نقل مکانی کرنے والے 9698 افراد کو فوڈ پیکج فراہم کیا گیا ہے۔اب تک کی رپورٹس کے مطابق 598 گھروں کو مکمل طور پر اور 2971 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، متاثرہ گھروں کے مالکان کو بھی معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع کیا گیا ہے، اب تک 43 متاثرہ گھروں کے مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی ہوگئی ہے۔ سیلابوں سے 526 رابطہ سڑکیں اور 106 پل متاثر ہوئے ہیں، اسی طرح 326 تعلیمی مراکز، 38 صحت کے مراکز اور 67 سرکاری دفاتر متاثر ہوئے، صوبے میں 2808 دوکانیں متاثر ہوئی ہیں، نقصانات کا تخمینہ لگانے کے بعد مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع کیا جائے گا۔علاوہ ازیں محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے مزید 2 ارب روپے سیلاب زدگان ریلیف کیلئے جاری کر دئیے ہیں۔”محکمہ خزانہ نے سیلاب زدگان کیلئے اب تک کل 6.5 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری کیے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button