حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر خیبر پختونخوا بھر میں رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا

ربیع الاول کے مبارک مہینے میں حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر خیبر پختونخوا بھر میں رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کانفرنسز کے لیے مختص فنڈز کو مذہبی شعبے کی بحالی اور کانفرنسز کے انعقاد پر استعمال کیا جائے گا۔”وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور محمد عدنان قادری نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بیان کیں جس کے مطابق

عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر خیبر پختونخوا حکومت، چیئرمین عمران خان کی وژنری قیادت اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر، عشرہ رحمت للعالمین ﷺ یکم تا 12 ربیع الاول (26 اگست تا 6 ستمبر 2025) نہایت عقیدت و احترام سے منائے گی۔ اس عشرہ کے دوران صوبہ بھر میں درود و سلام کی محافل، سیرت کانفرنسز اور مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

ضلعی سطح پر تقاریب:

5 ربیع الاول سے قبل تمام اضلاع میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز منعقد ہوں گی۔ حسن قرأت اور نعت خوانی کے مقابلے ہوں گے اور پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے حاملین کو انعامات دیے جائیں گے۔ پوزیشن ہولڈرز کے نام اسی روز ڈویژنل کمشنرز کو ارسال کیے جائیں گے۔

ڈویژنل سطح پر تقاریب:

8 ربیع الاول سے قبل ڈویژن سطح پر سیرت کانفرنسز منعقد ہوں گی۔ متعلقہ اضلاع کے پوزیشن ہولڈرز کے مابین حسن قرأت و نعت خوانی کے مقابلے ہوں گے۔ ڈویژنل سطح پر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے حاملین کو انعامات دیے جائیں گے، اور پہلی پوزیشن کے نام صوبائی محکمہ اوقاف کو ارسال کیے جائیں گے۔

صوبائی سطح پر مقابلے و کانفرنس:

11 ربیع الاول کو صوبائی سطح پر حسن قرأت و نعت خوانی کے مقابلے ہوں گے۔ منتخب ججز پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا فیصلہ کریں گے۔ 12 ربیع الاول کو عظیم الشان صوبائی سیرت کانفرنس ہوگی، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بنفس نفیس پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دیں گے۔

اس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ، صوبائی وزراء، علما کرام، عوامی نمائندے اور عوام الناس شرکت کریں گے، جہاں سیرتِ طیبہ ﷺ پر روشنی ڈالی جائے گی اور درود و سلام کی محافل ہوں گی۔

تعلیمی اداروں میں تقریبات:

وزیر تعلیم کی نگرانی میں اسکولز، کالجز اور جامعات میں سیرت النبی ﷺ پر مباحثے، حسن قرأت اور نعت خوانی کے مقابلے منعقد ہوں گے۔خصوصی اداروں میں پروگرامز:

محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اور ترقی نسواں کے تحت ۵۰ خصوصی تعلیمی اداروں، دارالامان اور انسداد منشیات مراکز میں سیرت کانفرنسز ہوں گی۔ محکمہ انڈسٹریز اور سوشل ویلفیئر کے تحت مقامی تنظیموں میں بھی تقاریب منعقد ہوں گی۔

چراغاں اور عوامی شمولیت:

تمام سرکاری دفاتر کو چراغاں کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ نجی عمارتوں کو بھی روشنیوں سے سجانے کی ترغیب دی گئی ہے۔

عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ اپنے گھروں، مساجد اور بازاروں میں درود و سلام کی محافل سجائیں تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ حضور ﷺ کی شان سب سے بلند ہے اور اُن سے محبت ہمارے ایمان کا بنیادی جز ہے۔میڈیا کوریج اور خصوصی فنڈز:

محکمہ اطلاعات کو ہدایت ہے کہ ان تقریبات کی بھرپور کوریج کرے تاکہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کا پیغام پوری شان و شوکت سے عام ہو۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر ان پروگرامز کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔آئیے! ہم سب عہد کریں کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کو بھرپور عقیدت، محبت اور احترام سے منائیں، کیونکہ یہ ہمارا دینی، مذہبی اور انسانی فریضہ ہے کہ رحمت العالمین ﷺ کی تعلیمات کو خود بھی پڑھیں، سمجھیں اور اپنی زندگی کو اسی کے مطابق ڈالیں اور دوسروں کو بھی اسکی تلقین کریں۔ تاکہ ہماری دنیا اور آخرت دونوں سنور جائیں۔

جواب دیں

Back to top button