عیدالاضحٰی کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی مسافروں کی واپسی کا آغاز شروع ہوتے ہی پنجاب فوڈاتھارٹی نے بھی سروس ایریازکی چیکنگ کا آغاز کر دیا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی کی ہدایت پر پنجاب بھر کے موٹروے سروس ایریاز، بس سٹینڈز، ریلوے اسٹیشن پر موجود فوڈ پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی لاہور فیصل آباد موٹروے سروس ایریاز کی چیکنگ کے دوران 318لٹر جعلی ڈرنکس،390 لیٹر ناقص پیک پانی،150 کلو ایکسپائر سنیکس، 140 لیٹر استعمال شدہ آئل تلف کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 1180سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس میں ناقص انتظامات پر 132فوڈ پوائنٹس کو 17لاکھ 30 ہزار کے جرمانے عائد کرتے ہوئے1 ریسٹورنٹ کو بند کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ 860 لاری اڈا ریلوے اسٹیشن اور موٹر وے سروس ایریاز پر322 پوائنٹس کو چیک کیا گیا۔ فوڈ پوائنٹس پر میڈیکل، ٹریننگ، پراڈکٹ رجسٹریشن دستاویزات، لازم خرید و فروخت ریکارڈ عدم موجود پایا گیا۔ گلی سڑی سبزیاں اور ناقص آئل کو فرائنگ کے لیے باربار استعمال کیا جا رہا تھا اور سروس ایریا پر موجود مارٹس پر ناقص پیک پانی اور ایکسپائر سنیکس فروخت کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ناقص آئل اور ایکسپائر اشیاء کا استعمال انسانی صحت پر لیے انتہائی مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔جعلساز مافیا باز آجائیں، ملک و قوم سے دشمنی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب بھر میں خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔سفر کرنے والے مسافر کسی قسم کی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔