آٹے کے نرخوں میں اعداوشمار کی غلط رپورٹنگ ،سیکرٹری فوڈ پنجاب نے  ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور کو معطل, 3 ڈپٹی ڈائریکٹرز کو شو کاز جاری کر دیئے

آٹے کے نرخوں میں اعداوشمار کی غلط رپورٹنگ کا معاملے پر سیکرٹری فوڈ پنجاب معظم اقبال سپرا  نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ لاہور کو معطل کر دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان کیخلاف انضباطی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودھا کو ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور تعینات جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر گجرات کا بھی تبادلہ کر دیا گیا۔ ترجمان محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق محکمانہ امور کی انجام دہی میں نااہلی، لاپرواہی اور احکامات کی خلاف ورزیوں پر ایکشن لیا گیا۔ سیکرٹری فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ نا اہل اور سست افسران کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ افسران و ملازمین اپنا قبلہ درست کرلیں، میرٹ کے بر خلاف کچھ قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی افسر یا عملے کو محکمے کی ساکھ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوامی ریلیف کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب نے گندم اور آٹے کی نقل و حمل بارے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل پر کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ای پرمٹ کے بغیر کسی صورت گندم اور آٹا ترسیل کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف متعلقہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز ہی ای پرمٹس جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔ کیو آر کوڈڈ ای پرمٹس صرف لائسنس یافتہ ٹریڈرز اور آڑھتیوں کو جاری کیا جائے گا۔ محکمہ خوراک پنجاب کے ای پورٹل پر فلور ملز کو تفصیلات جمع کروانے کی اجازت ہوگی۔ سرحدی علاقوں میں قائم چوکیوں پر پرمٹ سکیننگ کے بعد اجازت دی جائے گی۔ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر روزانہ کے اخراج کی تفصیلی رپورٹ مرتب کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button