صوبائی سیکریٹری تعمیرات و مواصلات عامہ سبطین احمد کی زیر صدارت داریل تانگیر ایکسپریس وے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ورکس امین غزنوی، پراجیکٹ ڈائریکٹر نور حیات، بریگیڈیئر پرویز حیات، کرنل نصراللہ، ایگزیکٹیو انجینئر پلاننگ برکت اللہ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور ذمہ داران شریک ہوئے۔

صوبائی سیکریٹری سبطین احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داریل تانگیر ایکسپریس وے ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے جو نہ صرف سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ علاقے کی معاشی و سماجی ترقی (سوشیو اکنامک لائف) میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ چونکہ داریل اور تانگیر اب نئے اضلاع بن چکے ہیں، لہٰذا اس نوعیت کے منصوبے ان کی ترقی کے لیے نہایت ناگزیر ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ کنٹریکٹرز کو فوری طور پر سائٹ پر مکمل موبلائز کیا جائے اور کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جا سکے۔اجلاس کے دوران کنسلٹنٹس کے مالی مسائل اور ویریشن آرڈرز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر صوبائی سیکریٹری نے ان معاملات کو جلد از جلد حل کر کے سٹیرنگ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔اجلاس کا مقصد منصوبے کو درپیش رکاوٹوں کا بروقت حل نکالنا اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا، تاکہ عوام جلد از جلد اس اہم شاہراہ سے مستفید ہو سکیں۔






