وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر، راجہ عتیق احمد خان اور سردار عبدالقیوم نیازی کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کے ممبران شامل تھے۔ ملاقات میں کشمیر کے مسئلے کو بھر پور انداز میں بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔وفد کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے ہمیشہ کشمیر کے لوگوں کا بھر پور ساتھ دیا ہے، کشمیر کاز کی بھر پور حمایت پر کشمیر کے عوام خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کے شکرگزار ہیں۔بھارت نے یک طرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ میں پاکستان کو شاندار کامیابی ملی، اس جنگ سے کشمیر کا مسئلہ ایک دفعہ پھر بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوگیا، یہ ایک سنہرا موقع ہے اور ہم اس موقع کا بھر پور فائدہ اٹھا کر کشمیر کاز کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں۔ مسئلہ کشمیر پر یکسوئی کے لئے ہمیں صوبوں اور وفاق کا مزید تعاون درکار ہے، اس سلسلے میں پاکستان کی چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں کشمیر کاز کے حوالے سے متفقہ قراردادیں منظور کرائی جائیں۔

وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر اور متحد ہیں، خیبر پختونخوا کے لوگوں نے پہلے بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت اور اسمبلی کشمیر کے مسئلے پر ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی، اس سلسلے میں ایک متفقہ قرارداد منظور کرانے کے لئے صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ اس اجلاس میں آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کو بھی دعوت دی جائے گی، اس قرارداد کے ذریعے عالمی برادری کو کشمیر کے مسئلے پر ایک موثر پیغام دیا جائے گا۔






