وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کراچی کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا نیا اسپیل متوقع ہے۔ چیف سیکریٹری نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں نکلیں اور فوری اقدامات کریں۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش کے نئے اسپیل کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز فوری طور پر ندی نالوں اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیں اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشینری کا انتظام یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید برآں، کمشنر کراچی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی فراہم کردہ مشینیں نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت تیار رکھی جائیں۔ چیف سیکریٹری نے کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے شہر کی انتظامیہ کو باضابطہ طور پر ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر شہر میں انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔ بارش کے بعد تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور ٹاؤنز کا عملہ فوری طور پر نکاسی آب کے کاموں میں مصروف ہے۔ کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس کو بھی سڑکوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز یلو جیکٹ پہن کر نکاسی آب کے کاموں کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے اور متعلقہ عملہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی ٹریفک مینجمنٹ پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق متوقع شدید بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سیکشن افسران، ڈی ایس پیز اور ایس پیز سڑکوں پر موجود رہیں گے۔ اہم مقامات، ڈائیورژن پوائنٹس اور متبادل راستوں پر بھی افسران تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر ٹریفک پولیس ٹیم کو ضروری آلات اور ریکوری وسائل فراہم کیے گئے ہیں، جن میں فورک لفٹرز، موٹر سائیکل لفٹرز، منی ریکوری وہیکلز اور ہیوی ریکوری وہیکلز شامل ہیں۔ خصوصی ٹیمیں لائف سیونگ رسیوں اور دیگر امدادی آلات سے لیس ہیں جبکہ موبائل ورکشاپس بھی سڑکوں پر موجود ہوں گی جو خراب گاڑیوں کو فوری تکنیکی سہولت فراہم کریں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پھنسے ہوئے شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جائے اور کسی بھی ممکنہ اربن فلڈنگ کی صورت میں ہنگامی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ٹریفک پولیس شہریوں کو ایف ایم 88.6 اور دیگر چینلز کے ذریعے ٹریفک کی تازہ صورتحال فراہم کر رہی ہے جبکہ ہیلپ لائن 1915 پر فوری آگاہی اور رہنمائی میسر ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ملیر ندی میں افسوسناک واقعہ میں ایک نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہونے والے واقعے کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ گوٹھ یار محمد، تعلقہ ابراہیم حیدری میں پیش آیا جہاں دو افراد ندی پار کر رہے تھے۔ پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر ملیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 27 سالہ عرفان احمد ترین ڈوب گیا جبکہ علی گل میتھیانی محفوظ نکل آئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر لاش کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیر خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ ملیر ندی کے اطراف میں رہنے والے دیہاتیوں کو صورتحال سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔






