فیصل آباد میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ کے دو بڑے منصوبوں پر پیش رفت تیز،نور الامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں جائزہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ کے دو بڑے منصوبوں پر پیش رفت تیز کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے بریفنگ دی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق فیصل آباد میں ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے فیز 1 پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ پلانٹ ڈنمارک کی کمپنی نراس کے تعاون سے تعمیر ہوگا اور اگست 2028 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس پلانٹ کے ذریعے روزانہ 33 ملین گیلن گندے پانی کو صاف کر کے زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔یومیہ 30 ملین گیلن صلاحیت کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بھی کام جاری ہے

جو اے ایف ڈی فرانس کے تعاون سے ستمبر 2027 تک مکمل ہوگا۔ یہ منصوبہ فیصل آباد میں پینے کے پانی کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان کے مطابق ان منصوبوں سے فیصل آباد کی مشرقی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی اور آبی وسائل میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button