وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا تھانہ شرقی پشاور کا دورہ، پولیس سہولت مرکز کاافتتاح

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا تھانہ شرقی پشاور کا دورہ،وزیراعلیٰ نے پولیس سہولت مرکز کے افتتاح کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے تھانہ شرقی میں نو قائم پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کیا اور پولیس سہولت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ پولیس کے اعلی حکام کی جانب سے وزیراعلی کو پولیس سہولت مرکز میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے بریفنگ دی گئی ۔ جس کے مطابق پولیس سہولت مرکز کے قیام سے تمام تر ضروری پولیس سروسز کی ایک ہی چھت تلے فراہمی یقینی ہو گی، ان پولیس سروسز میں پولیس کلیئرنس، کیریکٹر سرٹیفیکیٹ، فارن رجسٹریشن، ملازمین کی ویریفکیشن، ڈومیسائل ویریفکیشن، گمشدگی اور چوری کی رپورٹ، کرایہ داروں کا معلوماتی فارم، ٹریفک انفارمیشن اور ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔

ڈرائیونگ لرنر، پولیس ویلفیئر میں ایڈمشن، ٹینڈر انفارمیشن، پولیس میں بھرتی، وکٹم سپورٹ اور لیگل ایڈوائس جیسی اہم سہولیات بھی سہولت مرکز میں میسر ہوں گی، پولیس سہولت مرکز مختلف خدمات اور سہولیات کی فراہمی کا ایک اینٹگریٹڈ اور آن لائن نظام ہے۔

شہری تھانے گئے بغیر گھر بیٹھے بیٹھے یہ سہولیات اور خدمات آن لائن حاصل کرسکتے ہیں، یہ پولیس سہولت مرکز صوبے میں تیسرا مرکز ہے، اسے پہلے نوشہرہ اور چارسدہ میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں، اگلے مرحلے میں ان مراکز کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔وزیر اعلٰی نےمتعلقہ حکام کو فوری طور پر صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اس طرح کے مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ

موجودہ صوبائی حکومت تمام شعبوں میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔ تھانوں کے کلچر اور مجموعی ماحول کو عوام دوست بنایا جائے گا، تھانوں کے کلچر کو ایسا بنائیں گے کہ وہاں پر عوام کو مکمل تحفظ کا احساس ہو۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کا کردار قابل ستائش ہے، صوبائی حکومت پولیس کی تمام ضروریات پوری کرنے اور اسے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کر رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button