برتھ رجسٹریشن کیلئے پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر مہم چلانے کا فیصلہ،یونین کونسلز کو سروس سینٹر میں تبدیل کیا جائے گا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران برتھ رجسٹریشن کے لئے پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مہم کے دوران ٹیمیں دورافتادہ علاقوں میں رجسٹریشن کے لئے جائیں گی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ نے بھی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان نے محکمے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر محکمہ بلدیات کی استعدادِکار بڑھانے اور اصلاحات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای رجسٹریشن کے حوالے سے بھی آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ای رجسٹریشن کے لئے نادرا کی مدد سے پاکستان کی پہلی ایپ کا اجرأ ہو چکا ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو خالی اسامیوں پر تقرر اور محکمانہ ترقیوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں یونین کونسلز کو سروس سینٹر میں تبدیل کیا جائے گا۔ ہر یونین کونسل میں فیس شیڈول نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔ یوسی سیکرٹریوں کی جی پی ایس کے ساتھ حاضری کا آغاز ہو چکا ہے۔ اگلے مرحلے میں یونین کونسلز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا جائزہ لیا جائے۔ ذیشان رفیق نے یہ ہدایت بھی کی کہ ہر یونین کونسل میں سٹاف کی نقل و حرکت کا رجسٹر لازمی رکھا جائے۔ یونین کونسل میں آنے والے شہریوں کا فون نمبر بھی درج ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز باقاعدگی کے ساتھ اپنی حدود میں واقع یونین کونسلز کے دورے کریں اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے شہریوں کی شکایات سُنیں۔

جواب دیں

Back to top button