پنجاب کے 200 شہروں کے لئے ترقیاتی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں،304 ارب لاگت آئے گی،وزیر بلدیات ذیشان رفیق،بریگیڈیئر اسد محمود کی پیشرفت پر بریفنگ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا میگا پراجیکٹ تعمیراتی صنعت کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ متعدد شہروں میں بیک وقت سینکڑوں منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی ڈی پی کیلئے ٹینڈرنگ کے جاری عمل کا جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی بریگیڈیئر اسد محمود نے اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی تمام شہروں کے لئے جامع انفراسٹرکچر مہیا کرنے کا پروگرام ہے۔ دو مرحلوں میں 200 شہروں کیلئے ترقیاتی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں شامل 52 شہروں کے لئے پیپر ورک مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی پر 304 ارب روپے خرچ کرے گی۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ پی ڈی پی کے ہر مرحلے پر مقررہ ٹائم لائن کا لازمی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرفہرست 12 شہروں میں چند ہفتوں کے اندر عملی کام شروع ہوجائے گا۔ اٹک، کامونکی، لالہ موسی، خانیوال، وزیرآباد 12 شہروں میں شامل ہیں۔ علی پور چٹھہ، لیہ، ڈسکہ، بوریوالہ کیلئے سکیموں کا روڈ میپ بھی مکمل ہو گیا۔ اسی طرح میلسی، جڑانوالہ اور وہاڑی بھی سرفہرست 12 شہروں میں شامل ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی شہروں میں سیوریج اور ڈرین کے مسئلے کا جامع حل فراہم کرے گا۔ ہر شہر میں برساتی پانی کے فوری نکاس اور ذخیرے کیلئے انڈرگرائونڈ ٹینک بنائیں گے۔ برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کی جائے گی۔ اس کے ساتھ سٹریٹ لائٹس اور پارکس کی بحالی بھی ممکن بنائی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ڈی پی کے تحت تمام شہروں کی اگلے 25 سال تک کی آبادی کو مدنظر رکھ کر کام کریں گے۔ مکمل شدہ سکیموں کی باقاعدگی کے ساتھ دیکھ بھال کا میکانزم بھی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے میونسپل چیف افسروں کو بھی پی ڈی پی پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ باقاعدگی سے اجلاس کریں۔ استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار اور سپلائی لائن کا مکمل خیال رکھا جائے۔ پی ڈی پی کا ایک خاص جزو یہ ہے کہ اس میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے خاص حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ ہر شہر کی اپنی ضرورت کے مطابق ڈرین کی تعمیر کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button