ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک سے ملاقات

ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک سے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی، چیف آفیسر میر سیف اللہ سیلاچی اور چیف سینیٹری انسپکٹر سلیم بنگلزئی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران شہر میں صفائی کی صورتحال، مچھر مار اسپرے، کتا مار مہم اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر سبی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی نے عوامی مطالبے کے پیش نظر ان تمام اقدامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔مچھروں کی بہتات کے باعث ملیریا پھیلنے کے خدشے کے پیشِ نظر آئندہ ہفتے سے سبی شہر اور مضافاتی علاقوں میں بچاو کے لیے اسپرے مہم شروع کی جائے گی، جبکہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے کتا مار مہم بھی جلد آغاز پذیر ہوگی۔ مزید برآں، شہر میں صفائی ستھرائی اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے ہفتہ وار صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا، جس کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ مرحلہ وار صفائی کے کام کو موثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ شہری سہولت، صفائی اور صحتِ عامہ کے امور میں بہتری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور ان تمام سرگرمیوں کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت جلد شروع کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button