پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں مختلف ہاؤسنگ منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، افورڈیبل ہاؤسنگ پروگرام اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پلاٹس حاصل کرنے سے متعلق اہم فیصلے زیرِ غور آئے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ ان امور پر فیصلوں کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

کمیٹی میں ایم ڈی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن عمر فاروق علوی، ڈی جی واسا پنجاب، ڈی ایس اسپیشل انیشیٹو اور دو دیگر ارکان شامل ہوں گے۔ایم ڈی پی جی ایس ایچ ایف عمر فاروق علوی نے اجلاس میں فاؤنڈیشن کی اب تک کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فنڈز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے موجودہ ہاؤسنگ اسکیموں کے کمرشل ایریاز کے مؤثر استعمال پر پلاننگ جاری ہے، اور ان ایریاز کی ڈویلپمنٹ کے لیے PC-1 بھی تیار کیا گیا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق، پلاٹوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر پلاننگ کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے تحت اضافی پلاٹوں کو ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی نئی ہاؤسنگ اسکیموں کی تعمیر کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ سرکاری ملازمین کے لیے معیاری اور سستی رہائش کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب میں ہاؤسنگ سیکٹر تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، جس سے تعمیراتی صنعت کے ساتھ دیگر کاروباری شعبے بھی فروغ پا رہے ہیں۔






