دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی مشینری پوری قوت سے متحرک رہے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعہ کو صحبت پور پہنچے جہاں انہوں نے بھاگ ناڑی میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او لطف علی کھوسہ اور کانسٹیبل محمد اعظم کے اہل خانہ سے ملاقات کی وزیر اعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایس ایچ او لطف علی کھوسہ اور ان کی ٹیم نے جرات، دلیری اور جوانمردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور صدیوں پرانی بلوچ روایات کو زندہ رکھتے ہوئے دہشتگردوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ اور شہید کانسٹیبل محمد اعظم کی قربانیاں بلوچستان پولیس کے وقار کو بلند کرتی ہیں بلوچستان کے عوام کی جانب سے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ شہید زندہ ہوتے ہیں ان کی یادیں اور خدمات ہمیشہ زندہ رہتی ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات ، بیٹوں کو بلوچستان پولیس میں ملازمت شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کے گھر تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر اور گاؤں کے بیسک ہیلتھ یونٹ اور اسکول کو شہداء کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں حکومت بلوچستان ان کے خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کو پولیس میں ضم کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی اور جرائم سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جا سکیں

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ روز کچھی پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی کی جو پولیس کی بہتر کارکردگی کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم سے نمٹنے کیلئے بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں وہ دن دور نہیں جب بلوچستان پولیس ایک منظم اور جدید فورس کی حیثیت سے دہشت گردی اور ہر قسم کے جرائم کا مؤثر قلع قمع کرنے کے قابل ہو جائے گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی مشینری پوری قوت سے متحرک رہے گی بلوچستان کے عوام اور فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دہشت گردوں کو شکست فاش ہوگی اور بلوچستان میں امن و استحکام کا سورج ضرور طلوع ہوگا اس موقع پر صوبائی صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی، پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس محمد طاہر خان، کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی اور ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین اور مقامی افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button