*واٹر سپلائی نظام اور فلٹریشن پلانٹس کی مرمت و فنڈز کی منظوری*

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے صوبے بھر میں واٹر سپلائی نظام کی بہتری اور فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایت پر ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو مرمت، بحالی اور فنڈز کی منظوری سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق، اس اقدام سے عرصہ دراز سے توجہ طلب واٹر سپلائی کے مسائل تیزی سے حل ہو سکیں گے۔ کمیٹی دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی اسکیموں کی مرمت و بحالی کے لیے فنڈز کے تعین کا عمل مکمل کرے گی جبکہ غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور فعال بنانے کے لیے فنڈز کے اجرا کی سفارشات بھی پیش کرے گی۔بنائی گئی کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، چیف انجینیئرز نارتھ و ساؤتھ کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ترجمان کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں تک صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کو زہر آلود اور کھارے پانی سے بچانا محکمہ ہاؤسنگ کی اولین ترجیح ہے۔ واٹر سپلائی سے متعلق شہریوں کی شکایات کا ازالہ فوری طور پر کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ پانی کی فراہمی ہر سطح پر ممکن بنائی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button