*گلگت بلتستان،سیلابی صورتحال،ریور ویو روڈ پر واقع تمام ہوٹلز سیل*

گلگت انتظامیہ نے حالیہ سیلابی صورتحال اور دریائے سندھ کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ریور ویو روڈ پر واقع تمام ہوٹلز کو فوری طور پر سیل کر دیا ہے۔یہ اقدام عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹس کے مطابق دریا کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث کنارے سے متصل علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ہوٹل مالکان، سیاحوں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے کو عوامی سلامتی کے تناظر میں دیکھیں اور مکمل تعاون فراہم کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کیا جائے۔انتظامیہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی قسم کی نئی پیشرفت کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button