اربن پریمئر لیگ 2025 کا فائنل: واسا لاہور نے شاندار فتح اپنے نام کر لی

بنک آف پنجاب اور اربن یونٹ کے اشتراک سے منعقد ہونے والی چار روزہ اربن پریمئر لیگ 2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ فائنل میچ میں واسا لاہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اس لیگ میں 12 سرکاری اداروں کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں ایل ڈی اے، واسا، پی ایچ اے، پیپرا، پنجاب فوڈ اتھارٹی، اربن یونٹ، پی آئی ٹی بی اور بنک آف پنجاب سمیت دیگر ڈیپارٹمنٹس شامل تھے۔ فائنل میچ واسا لاہور اور بنک آف پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں واسا لاہور نے بہترین ٹیم ورک اور عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے میدان مار لیا۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے لیگ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں سرکاری اداروں میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور مثبت توانائی کو فروغ دیتی ہیں۔فائنل میچ میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کی۔واسا لاہور کی ٹیم نے ڈائریکٹر مدثر جاوید کی قیادت میں بہترین کھیل پیش کیا۔ واسا الیون کے چھکے اور چوکے میچ کی نمایاں جھلک رہے اور شائقین کی بھرپور توجہ کا مرکز بنے رہے۔ فائنل میں فیصلہ کن کارکردگی کے ذریعے واسا لاہور نے شاندار فتح حاصل کی اور اربن پریمئر لیگ 2025 کی چیمپئن ٹرافی اپنے نام کی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے فاتح ٹیم کے کپتان مدثر جاوید کو ٹرافی دی، جبکہ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی پر کھلاڑیوں کے لیے خصوصی انعام کا اعلان بھی کیا۔

جواب دیں

Back to top button