وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری کی زیر صدارت اجلاس،گرانٹ اِن ایڈ مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری کی زیر صدارت گرانٹ اِن ایڈ مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ، ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب قریشی، سیکرٹری بلوچستان لوکل بورڈ شجاعت علی سمیت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران، صوبے بھر کی میونسپل کمیٹیوں، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے چیف افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ محکمہ بلدیات صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ تمام اسکیمیں جو تعطل کا شکار ہیں، انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے، جبکہ میونسپل کمیٹیوں کے اجلاس بلا تاخیر منعقد کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ گرانٹ اِن ایڈ 2024-25 کے تحت منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2024-25 کے گرانٹ اِن ایڈ ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی پیش رفت اطمینان بخش ہے تاہم مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف میونسپل کمیٹیوں کے اجلاس فوری طور پر منعقد کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے گرانٹ اِن ایڈ کونسل میٹنگ کی متوقع تاریخ پر مشاورت جاری ہے۔ ترقیاتی فنڈز کا مؤثر، شفاف اور بروقت استعمال عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔

اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح دیں۔

جواب دیں

Back to top button