وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نصیر اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی بریگیڈئیر (ر) اسد محمود نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے پی ڈی پی کے تحت مزید 10 شہروں کیلئے ٹیکنیکل ٹینڈرنگ کے عمل میں بھی شرکت کی۔ کنٹریکٹرز کے سامنے جمع کرائے گئے ای ٹینڈر کھولے گئے۔ 
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرح پی ڈی پی میں بھی ای ٹینڈرنگ کی جارہی ہے۔ وزیراعلٰی مریم نواز کی ہدایت پر ٹینڈرنگ کا عمل بالکل شفاف رکھا جا رہا ہے۔ یہ تمام عمل ڈیجیٹائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے پہلے مرحلے میں 68 شہروں میں میونسپل سکیمیں مکمل ہونگی۔ محکمہ بلدیات 52 شہروں کے منصوبوں کی نگرانی کرے گا جبکہ باقیماندہ شہروں میں واسا کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پی ڈی پی سکیموں کے لئے ابتدائی طور پر 10 ملین روپے ریلیز کر دیے۔ عوامی فلاح کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی شہروں میں سہولیات کی فراہمی کا بڑا منصوبہ ہے جس کے تحت شہروں میں ڈرین، سیوریج کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے گی۔ اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ برساتی پانی کے ذخیرے کیلئے زیرزمین ٹینک بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار تمام شہروں کے لئے ماسٹر پلاننگ یقینی بنائی گئی ہے۔

سڑکوں گلیوں کی بحالی اور سٹریٹ لائٹس بھی پروگرام کا حصہ ہے۔ اگلے 25 سال تک کی آبادی کی ضروریات کو مدِنظر رکھا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مرحلہ وار 200 شہروں کو میونسپل خدمات مہیا کی جائیں گی۔ سیوریج سکیموں میں لائننگ والے پائپ استعمال کئے جائیں گے کیونکہ لائننگ والے پائپ کی عمر ایک سو سال ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کیلئے اینڈ ٹو اینڈ سلُوشن فراہم کیا جائے گا، کروڑوں لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہروں کے ساتھ دیہی آبادی کیلئے بھی مثالی گائوں منصوبے پر کام جاری ہے۔ ہر مثالی گاؤں کو شہر جیسی میونسپل خدمات مہیا کی جائیں گی۔






