ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سبزہ زار پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی شاندار تہذیب، روایات اور ثقافتی ورثہ ہماری پہچان ہیں اور اس دن کو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی اور اجرک عزت، وقار، محبت اور مہمان نوازی کی علامت ہیں،

یہ ہماری صدیوں پرانی شناخت ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گی،اس موقع پر حبیب الدین جنیدی، جاوید ناگوری، پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدراسلم سموں، اعوان مسعود، حسن پاشا اور دیگر لیبر ڈویژن کے عہدیداران بھی موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ ثقافتی دن نہ صرف خوشی و مسرت کا موقع ہے بلکہ یہ موقع اس عہد کی تجدید بھی ہے کہ ہم اپنی زبان، ورثے اور روایات کو آئندہ نسلوں تک منتقل کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان، سندھ اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں،انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی تاریخ اور ثقافت کو فراموش کر دیتی ہیں وہ وقت کے ساتھ مٹ جاتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی دھرتی کی تہذیب، امن، محبت اور رواداری کے پیغام کو اجاگر کریں، سندھ کے معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم بنیادی ستون ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں خصوصاً بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں،ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ سندھ میں تعمیر و ترقی، معیاری تعلیم اور بہتر سہولتوں کے فروغ کے لیے سندھ حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے اسی مقصد کے تحت تعمیر و ترقی کے سفر کو صوبے بھر میں آگے بڑھایا جا رہا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ دھرتی ہمیشہ امن، بھائی چارے، محبت اور اتحاد کا پیغام دنیا بھر تک پہنچاتی رہے گی۔






