وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے طوفانی بارش کے بعد نکاسی آب کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی صوبائی وزیر کے ساتھ تھے۔ صوبائی وزیر پہلے مرحلے میں لکشمی چوک اور عابد مارکیٹ گئے جہاں انہوں نے واسا حکام کو جلد از جلد پانی کے نکاس کی ہدایت کی۔ بعدازاں وزیر بلدیات نے تاجپورہ سکیم کا دورہ کیا

جہاں انہیں ایم ڈی واسا نے بتایا کہ اس علاقے میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پانی کلیئر کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے قذافی سٹیڈیم کے قریب بھی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں آج ریکارڈ بارش ہوئی۔ وزیراعلی کی زیرنگرانی واسا اور ایم سی ایل کی ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں۔ لکشمی چوک کو نصف گھنٹے کے اندر کلیئر کر دیا گیا جبکہ عابد مارکیٹ کا علاقہ بھی جلد صاف کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے بیشتر علاقوں میں 316 ایم ایم بارش ہوئی لیکن بارش کے ساتھ ہی نکاسی کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔ عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ کمشنر اور ایم ڈی واسا مسلسل فیلڈ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو ایک جامع ری ویمپنگ پلان کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی کے لاہور بحالی پروگرام کی تکمیل کے بعد بارانی پانی جمع ہونے کا مسئلہ حل ہو جائیگا۔ اگلے چند گھنٹوں میں انشااللہ تمام علاقے کلئیر ہو جائیں گے۔





