ترجمان میئر کراچی،بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ کراچی میں عوامی سہولتوں، جدید انفراسٹرکچر، سرسبز ماحول اور معیاری تفریحی مقامات کی فراہمی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی بھرپور انداز میں عملی اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت صدر ٹاؤن کی یونین کونسل 13 شیریں جناح کالونی میں نو تعمیر شدہ حماد اعوان شہید پارک عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک پارک کی تعمیر نہیں بلکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے بتایا کہ جس مقام پر جدید طرز کا پارک قائم کیا گیا ہے، ماضی میں وہاں کچرے کا ڈھیر موجود تھا اور یہ علاقہ منشیات کے عادی افراد کی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا تھا، جس سے اہلِ علاقہ خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس مقام کو مکمل طور پر تبدیل کرتے ہوئے خوبصورت گرین بیلٹ، جدید لینڈ اسکیپنگ، واکنگ ٹریک، بچوں کے کھیلنے کے لیے محفوظ جھولوں، آرام گاہوں اور دیگر شہری سہولتوں سے آراستہ ایک معیاری پارک میں تبدیل کیا ہے تاکہ مقامی آبادی کو صحت مند اور محفوظ تفریحی ماحول میسر آسکے۔انہوں نے کہا کہ کلفٹن بلاک 2میں تعمیر کی گئی جدید گرین بیلٹ کو شہریوں کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی اسی معیار کے پارکس اور گرین اسپیسز قائم کیے جائیں تاکہ ہر علاقے کے شہریوں کو یکساں سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور شہریوں کی زندگی آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ شیریں جناح کالونی میں اس سے قبل پارک، ڈسپنسری، مردہ خانے اور بند پڑے آر او پلانٹ کی بحالی جیسے منصوبے بھی مکمل کیے جاچکے ہیں جبکہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر بھر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے متعدد منصوبوں پر بیک وقت کام کر رہی ہے اور آئندہ چند روز میں منور چورنگی انڈر پاس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ اسی طرح ملک کے پہلے صنعتی واٹر پارک کا افتتاح بھی جلد متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز ہوگی۔ پہلوان گوٹھ میں تقریباً دو ارب روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، مارٹن روڈ کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی مکمل کرے گی جبکہ جہانگیر روڈ کی بہتری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں برساتی نالوں کی صفائی کا عمل پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے تاکہ نکاسی آب کا نظام موثر رہے اور شہریوں کو بارشوں کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ماحولیاتی بہتری کے لیے مزید مینگرووز پارکس، گرین بیلٹس اور سبز مقامات کے قیام پر بھی مرحلہ وار کام کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کے ایم سی کی حدود میں کسی بھی ادارے کو ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے متعلقہ قانونی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگی تاکہ تمام منصوبے مربوط انداز میں مکمل ہوں اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں مزید ساٹھ گرین اسپیسز، پارکس اور عوامی سہولتوں کے منصوبے مختلف مراحل میں ہیں جو مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے۔ترجمان میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کراچی کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کے تمام علاقوں میں عوامی فلاح، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور جدید شہری انفراسٹرکچر کی تعمیر کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ کراچی کو ایک صاف، سرسبز، محفوظ اور ترقی یافتہ شہر بنایا جاسکے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے آئینی اور انتظامی اختیارات پر کسی قسم کی سیاست یا دباؤ قبول نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے اور جمہوری فیصلوں کا احترام ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی جماعت عوامی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے تو اس کا واحد راستہ عوام کی خدمت اور ووٹ کی طاقت ہے، نہ کہ سیاسی دباؤ یا غیر ضروری محاذ آرائی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی قوتیں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور کراچی کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کریں گی۔
Read Next
17 گھنٹے ago
کراچی کے تمام ٹاؤنز میں ترقیاتی کام جاری ہیں،بہت جلد شہر میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی،ترجمان میئر کرم اللہ وقاصی
17 گھنٹے ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سڑکوں کے پڑنے والے گڑھوں کی ہنگامی بنیادوں پر بھرائی کا کام جاری
3 دن ago
*ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے کو یومیہ ایک کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد*
4 دن ago
ای کچہری میں شہریوں کی شکایات،میئر کراچی کا فوری کارروائی کا حکم
1 ہفتہ ago
تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا،ترجمان میئر کراچی
Related Articles
ورلڈ کلچر فیسٹیول میں بلدیہ عظمیٰ کراچی آرٹس کونسل کی پارٹنر ہوگی، ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے،میئر کراچی
1 ہفتہ ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ناظم آباد انڈر پاس کے سریے چوری ہونے کا نوٹس، بحالی کا کام شروع
1 ہفتہ ago
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو 38ویں سالگرہ پر مبارکباد
2 ہفتے ago



