وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کو برقرار رکھنے، خصوصاً محرم الحرام اور انتخابات سمیت دیگر اہم مواقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ ہم سب نے مل کر علاقے کی خدمت کرنی ہے اور یہاں کے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کیلئے صوبائی وزیر داخلہ کی سربراہی میں پارلیمانی امن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے تعاون سے گلگت بلتستان میں امن و امان کی فضا کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومتی رٹ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان پولیس کی استعدادِ کار کو بہتر بنانے کیلئے پولیس فورس کو درکار جدید آلات اور وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور ہر وقت تیار رہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پی گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس بلاتفریق مجرموں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائے، اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شائع کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ گلگت بلتستان کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے پولیس اینٹی نارکوٹکس کی معاونت سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرے۔ داخلی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو موثر اور بہتر بنائیں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے اور اس گھناؤنے دھندے میں ملوث مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی جی دیامر/استور ریجن کو ہدایت کی کہ مال مویشی چرانے میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکرٹری داخلہ، آئی جی پی گلگت بلتستان، اور سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز، ڈی آئی جیز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور متعلقہ اضلاع کے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔

جواب دیں

Back to top button