زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی پروری میں تعاون کے فروغ کے لیے پنجاب کا اعلیٰ سطحی وفد اسکردو پہنچ گیا

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی پروری کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رابطہ کیا تھا۔ اسی پیش رفت کے تسلسل میں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی دعوت پر پنجاب کے وزیرِ زراعت سید محمد عاشق حسین کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد آج اسکردو پہنچ گیا۔وفد میں سیکریٹری زراعت پنجاب میاں شکیل احمد، سیکریٹری لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ، سیکریٹری آبی زراعت و ماہی پروری پنجاب رانا سلیم افضل اور چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر حافظ عبدالرحمان شامل ہیں۔اسکردو آمد پر وزیرِ زراعت، لائیو اسٹاک و ماہی پروری گلگت بلتستان حاجی انور اور سیکریٹری زراعت، لائیو اسٹاک و ماہی پروری گلگت بلتستان عثمان احمد نے وفد کا استقبال کیا۔وفد کل، 2 اکتوبر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں ان شعبوں میں تعاون کے عملی امکانات اور مشترکہ اقدامات پر تبادلۂ خیال ہوگا۔ توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں اہم فیصلوں اور عملی شراکت داری کی راہ ہموار ہوگی، جس سے گلگت بلتستان کے کسانوں، مویشی پالنے والوں اور ماہی پروری سے وابستہ افراد کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

جواب دیں

Back to top button