*ڈسکہ میں خواتین کے لیے الگ فوڈ اسٹریٹ بنائی جائے گی:میاں ذیشان رفیق صوبائی وزیر بلدیات پنجاب*

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں شہریوں کو بہتر تفریحی و کاروباری سہولیات کی فراہمی کے لیے فوڈ اسٹریٹ قائم کی جائے گی جبکہ خواتین کے لیے الگ فوڈ اسٹریٹ بھی بنائی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں ڈسکہ ڈویلپمنٹ ریویو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ یاسر گیلانی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سیوریج منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر میں معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ناقص کام پر ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ کے مین روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھرپور شجرکاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ماحول کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی مؤثر بنائی جائے اور متعلقہ افسران منصوبوں کے معیار، رفتار اور تکمیل کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں۔ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال اور عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں ڈسکہ کے ترقیاتی منصوبوں، سیوریج، سڑکوں و گلیوں کی تعمیر، شجرکاری، شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button