وزیر بلدیات کی زیرصدارت اجلاس، صفائی کی آؤٹ سورسنگ کا جائزہ، تحصیل میں کم از کم ایک ماحول دوست ڈمپنگ سائٹ ضرور ہوگی، ذیشان رفیق

وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلے میں 90 شاہراہ قائداعظم پر پنجاب بھر سے میونسپل چیف آفیسرز اور نجی کمپنیوں کے نمائندوں کا اجلاس ہوا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے صدارت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صفائی کی آؤٹ سورسنگ کا جائزہ لیا گیا۔ خواہشمند نجی کمپنیوں نے صفائی کیلئے اپنی استعدادکار اور تجربے کی تفصیل بتائی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی کی منظوری کے بعد تحصیل کی سطح پر ستھرا پنجاب کی آئوٹ سورسنگ کی جائے گی۔ جس کے تحت مینوئل، مکینکل سویپنگ، ویسٹ کولیکشن، نالیوں کی صفائی اور ویسٹ ڈسپوزل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہات اور شہروں میں صفائی کے موثر اور دیرپا نظام کیلئے شہریوں کی شرکت ضروری ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا پہلے روز سے صفائی پر فوکس ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے بین الاقوامی ماڈلز بھی مدنظر رکھ رہے ہیں۔ پنجاب کی 148 تحصیلوں میں میرٹ پر کمپنیوں کا انتخاب کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ نجی کمپنیاں پہلے محکمہ بلدیات کے وسائل استعمال کرنے کی پابند ہونگی۔ اس ضمن میں جدید مشینری کی حامل کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار کوڑے کی ڈمپنگ پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ ہر تحصیل میں کم از کم ایک ماحول دوست ڈمپنگ سائٹ ضرور ہوگی۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لئے وزیراعلی مریم نواز شریف کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے بعد صفائی میں سستی کی گنجائش نہیں ہوگی۔ محکمہ بلدیات آؤٹ سورسنگ سسٹم کی مانیٹرنگ یقینی بنائے گا۔ اجلاس کے دوران سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شرکا کو بریفنگ دی۔

جواب دیں

Back to top button