وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس،ِشہرخاموشاں اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے،صوبہ بھر کے قبرستانوں کا تھرڈ پارٹی سروے کرانے کا فیصلہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران پنجاب شہرِ خاموشاں اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین اتھارٹی ملک قاسم ندیم ایم پی اے اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل شہر خاموشاں اتھارٹی محمد اصغر جوئیہ نے بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے صوبہ بھر کے قبرستانوں کا تھرڈ پارٹی سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ

تجہیز و تکفین کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے اتھارٹی فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنانے کے لئے شہرِ خاموشاں اتھارٹی کا اپنا دفتر ہونا چاہیئے۔ پنجاب حکومت اتھارٹی میں سٹاف کی کمی دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے گی۔ وزیر بلدیات نے ڈی جی کو وزیراعلٰی مریم نواز کے لئے تفصیلی پریذینٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان اسلامی معاشرے میں ایک مقدس جگہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ شہرِ خاموشاں اتھارٹی شہریوں کی سہولیات کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ دیہات میں آئمہ مساجد کا وظیفہ مقرر کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ یہی آئمہ مساجد نمازِ جنازہ کی امامت کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہرِ خاموشاں اتھارٹی قبرستانوں کی چاردیواری بنانے کا بھی پلان تیار کرے۔ ہر قبرستان کی چاردیواری کے ساتھ شجرکاری بھی ہونی چاہیئے۔ اتھارٹی قبرستانوں کو مرحلہ وار اپنے دائرہ کار کے تحت لائے۔ انہوں نے کہا کہ میت کی قبرستان منتقلی، غسل اور تدفین کی تمام سہولیات مہیا کی جانی چاہیئں۔ علاوہ ازیں نئے قبرستان ڈویلپ کرنے کے لئے بھی تفصیلی روڈ میپ جلد تیار کیا جائے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین شہرِ خاموشاں اتھارٹی ایم پی اے ملک قاسم ندیم نے بتایا کہ اتھارٹی کے لئے مزید سٹاف اور وسائل کی فراہمی کا پلان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آبادی میں اضافے کے تناظر میں اتھارٹی کو فعال بنانے کیلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

Back to top button