بلدیہ عظمٰی لاہور کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ انکوائریز کی انکوائری رپورٹ پر محکمہ اینٹی کرپشن نے واہگہ زون کے سابق بلڈنگ انسپکٹر سمیت چار ملازمین کی گرفتاری کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔تحقیقاتی رپورٹ میں غیر قانونی تعمیرات، جعل سازی اختیارات کا غلط استعمال،زرعی رقبہ پر کمرشل تعمیرات سمیت مختلف محکمانہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے

۔جن ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے ان میں طارق سعید بلڈنگ انسپکٹر، ریاض پٹواری،امیر مختار بلڈنگ سروئیر، حافظ قاسم گینگ مین شامل ہیں۔طاہر محمود گجر زونل آفیسر پلاننگ عمرہ پر ہیں جن کو واپسی پر شامل تفتیش کیا جائے گا۔بلڈنگ انسپکٹر طارق سعید اس وقت نشتر زون میں تعینات ہیں۔جو مرکزی کردار بتائے گئے ہیں۔
زونل آفیسر پلاننگ طاہر گجر نشتر زون رشوت کیس میں محکمہ بلدیات کی انکوائری رپورٹ میں سزا کے باوجود مختلف زونز کی پرکشش سیٹوں پر انجوائے کر رہے ہیں
جس خاتون زونل آفیسر پلاننگ حرا عمران پر ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے اس کی تعیناتی کو ابھی ایک ہفتہ ہوا ہے۔جس پر لوکل گورنمنٹ سروس ٹاؤن پلاننگ فنکشنل یونٹ کے افسران میں شدید ردعمل اور تشویش پائی جاتی ہے۔بلدیہ عظمٰی لاہور کے شعبہ پلاننگ میں پہلے ہی افسران لگنے کے لئے تیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق مالکان سے ڈیل میں اہم کردار حافظ قاسم نامی گینگ مین کا ہے جس کی واہگہ زون میں ڈیوٹی بھی نہیں ہے۔بلڈنگ انسپکٹر طارق سعید نے اس گینگ میں کو فرنٹ مین کے طور پر رکھا ہوا تھا۔واہگہ زون کی مکمل انکوائری کی جائے تو فارم ہاوسیز کے ایسے جعلی نقشے درجنوں میں جاری ہوئے ملیں گے جن پر ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے زون کے شعبہ پلاننگ نے خود ہی جاری کر دیئے۔






