۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ماسٹر پلان کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ ماسٹر پلان ،سروے،ڈیجٹل مارکنگ ،جیو ٹیکنکل ٹیسٹنگ اور ڈیجلائزیشن کے عمل اعر شہر کی مستقبل کی ترقی، توسیع اور بنیادی مسائل کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ کیو ڈی اے اور متعلقہ کنسلٹنٹ فرم کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کنسلٹنٹ فرم کی جانب سے کوئٹہ ماسٹر پلان میں شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی، لینڈ سروے رپورٹ، ڈیجیٹل میپنگ انفارمیشن سسٹم، فیلڈ سروے کے نتائج، شہری حدود بندی، لینڈ یوٹیلائزیشن اور سڑکوں، سیوریج و ڈرینیج نظام کی بہتری جیسے اہم نکات پر جامع بریفنگ دی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے متعلقہ فرم کو ہدایت دی کہ تمام اقدامات جلد حتمی شکل دیکر پیش کریں تاکہ ماسٹر پلان پر بروقت عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ

شہر کی منصوبہ بندی آبادی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قابل عمل پلان ترتیب دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو مرکزی شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ شہر کے اندر بڑھتے ہوئےٹریفک اور رش کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔اجلاس میں کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پانی کی قلت اور دیگر شہری مسائل کوئٹہ کو درپیش بڑے چیلنجز ہیں، لہٰذا ماسٹر پلان میں ان کے پائیدار حل کو ترجیح دی جائے۔ اس سلسلے میں شارٹ ٹرم منصوبوں پر فوری عملدرآمد اور مڈ ٹرم و لانگ ٹرم منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ ایک جامع ماسٹر پلان کے ذریعے کوئٹہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس سے شہری سہولیات میں بہتری، منظم توسیع اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کی موجودہ ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ مستقبل میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری دباؤ سے نمٹنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔


